• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرزو کیس، علی اظہر ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش


کراچی سٹی کورٹ میں اسلام قبول کر کے شادی کرنے والی 13 سالہ آرزو کے مبینہ اغواء کیس میں شوہر علی اظہر کو ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کردیا گیا۔

کراچی سٹی کورٹ، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں آرزو کے مبینہ اغواء کیس سے متعلق ساعت ہوئی،  دوران سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کا ملزم علی اظہر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دیا گیا۔

13 سالہ آرزو کے مقدمے میں نامزد نکاح خواں قاضی عبدالرسول کی جانب سے عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے درخواست گزار کو پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی، عدالت کی جانب سے نکاح خواں کو پولیس سے تفتیش میں تعاون کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم علی اظہر سے تفتیش مکمل کرلی ہے، مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں، آرزو اور علی اظہر کا نکاح پڑھانے والے نکاح خواں عبوری ضمانت پر ہیں۔

دوران سماعت عدالت میں موجود آرزو کے وکیل نے آرزو کا خود مختاری سرٹیفکیٹ نکاح خواہ کوپیش کیا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ کیس میں نامزد نکاح کے دو گواہ سمیت آرزو کا وکیل محمود تاحال مفرور ہے، ملزمان کے خلاف فریئر تھانے میں آرزو کے اغواء اور کم عمری کی شادی کامقدمہ درج ہے۔

عدالت میں موجود نکاح خواں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ آرزو کے خود مختاری سرٹیفکیٹ پر جسٹس آف پیس محمد اظہر الدین کی مہر لگی ہے۔

آرزو کے نکاح خواں کا تفتیشی افسر کو بیان میں کہنا تھا کہ آرزو اور علی اظہر کے گواہوں کی موجودگی میں ان کا نکاح پڑھایا تھا ۔

بعد ازاں عدالت کی جانب سے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کر کے 14 دن میں چالان جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین