• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی اینٹی کرپشن عثمان بزدار کے آلۂ کار نہ بنیں، رانا ثناء

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کی ملتان سےنون لیگ کے رکنِ قومی اسمبلی (ایم این اے) عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے آلۂ کار نہ بنیں۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عبدالغفار ڈوگر کو آج صبح نمازِ فجر کے وقت گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے، عبدالغفار ڈوگر پر الزام ہے کہ 20 سال قبل انہوں نے ایک مکان خریدا تھا لیکن اس کا انتقال درست نہیں تھا۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری صرف ملتان کے جلسے کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک بہانہ ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے آلۂ کار نہ بنیں، عثمان بزدار کے ہر دوسرے دن فرنٹ مین سامنے آ رہے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت ملتان اور لاہور کے جلسے کی عوامی پذیرائی سے گھبرا گئی ہے، اگر عبدالغفار ڈوگر کو فوری رہا نہ کیا گیا تو حالات کی سنگینی کی ذمے دار پنجاب حکومت ہو گی۔

تازہ ترین