صاف ستھری، گلابی، نکھری اور بے داغ جلد کون نہیں حاصل کرنا چاہتا، ایسی جلد کے حصول کے لیے مرد و خواتین ماہانہ ہزاروں روپے خرچ کر کے بھی مطمئن نظر نہیں آتے ہیں۔
طبی و ماہرین جلدی امراض کے مطابق وٹامنز ہماری مجموعی صحت سمیت خوبصورتی میں اضافے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں، خوبصورت جلد حاصل کرنے کی بات آئے تو وٹامن سی کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
وٹامن سی نہ صرف جلد کو صحت مند بناتی ہے بلکہ اسے نکھارنے میں بھی کردار ادا کرتی ہے، وٹامن سی حاصل کرنے کے لیے موسم سرما کے پھل امرود، مالٹے، موسمی، سنگترے اور کینو مارکیٹ میں آنے ہی والے ہیں جبکہ 12 مہینے با آسانی دستیاب سپلیمنٹس، لیموں، ٹماٹر اور دیگر پھلوں سے وٹامن سی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وٹامن سی کو غذا میں شامل کرنے سمیت اسے چہرے پر بطور ماسک اور سیرم لگانے سے بھی دگنے فوائد حاصل ہوتے ہیں، خوبصورت جلد حاصل کرنے کے لیے بغیر کسی بھاری بھرکم خرچے کے بجائے گھر ہی میں مفید سیرم بنا کر ان کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
وٹامن سی اور گلیسرین :
وٹامن سی اور گلیسرین سے سیرم بنانے کے لیے وٹامن سی کے کیپسول لے لیں، انہیں کھول کر ایک چائے کے چمچ وٹامن سی میں ایک چائے کا چمچ پانی گلیسرین ملا کر اچھی طرح سے مکس کرلیں۔
اس محلول کو کسی صاف بوتل میں محفوظ کر لیں، اس سیرم کا استعمال صاف دھلی ہوئی جلد پر صبح و شام کریں۔
فوائد:
گلیسرین اور وٹامن سی کے سیرم کے استعمال سے چہرے پر موجود جھُریوں میں نمایاں کمی آتی ہے، آنکھوں اور منہ کے نزدیک جُھریوں میں بھی کمی آتی ہے، یہ سیرم خشک اور بے جان جلد کو نمی پہنچاتا ہے۔
وٹامن سی، ایلویرا جیل، عرق گلاب اور ایپل وینیگر سے سیرم بنانے کا طریقہ:
وٹامن سی سیرم بنانے کے لیے ایلوویرا جیل ایک سے دو پتے، عرق گلاب 50 ملی لیٹر، ایپل سائیڈر وینیگر 3 چمچ اور 6 سے 7 وٹامن سی کے کیپسول لے لیں۔
اب ایلوویرا کو گرائینڈر کر لیں، ایلوویرا کو پانی کی شکل میں تبدیل ہونے پر اس میں عرق گلاب50 ملی لیٹر، 3 چمچ ایپل سائیڈر وینیگر اور وٹامن سی کیپسول شامل کر لیں۔
اب اس سیرم کا اسپرے دن می دو سے تین بار صاف چہرے پر کریں۔