• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی بی نے نوازشریف کے بیانیےکو کوڑے میں پھینک دیا ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا گلگت بلتستان کے الیکشن سے متعلق کہنا ہے کہ جی بی کے عوام جمہوری ذہن رکھتے ہیں، جی بی کےعوام نے نوازشریف اورپی ڈی ایم کے بیانیےکو کوڑے میں پھینک دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ گلگت بلتستان کےعوام نے روشن مستقبل کو ووٹ دیا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو جی بی میں موقع ملا تھا، لیکن توجہ نہ دی، الیکشن سےپہلے ہی ان لوگوں نے دھاندلی کا منترا پڑھنا شروع کر دیا تھا، گلگت بلتستان کے عوام اور جیتنے والے نمایندگان نے جمہوری عمل میں حصہ لیا، اس دفعہ ہارنے والے پچھلے ایک ماہ سے لوگوں کے اعصاب پر سوار تھے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کہتی تھی کہ موجودہ الیکشنز ریفرنڈم ہوگا، جی بی میں الیکشن صاف شفاف تھا، جو کہتاہے دھاندلی ہوئی ہے تو ہمیں تو 14، 15سیٹیں ملنی چاہیں تھی، جی بی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو شکست بھی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2018ء میں بھی ان کا یہی کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، عملی طورپرکچھ نہ کیا، شاہد خاقان اپنےحلقے میں ہار گئے وہ ٹھیک نہیں تھا، لاہور میں جیتے وہ ٹھیک تھا، وزیراعظم عمران خان پر مقدمہ چلانا سیاسی انتقامی کارروائی تھی، ن لیگ نے عمران خان کےخلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی، وزیر اعظم عمران خان نے سارے ثبوت عدالت میں پیش کیے، عمران خان نے 2013 الیکشنز پر جدوجہد کی، حلقے کھلوائے۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے گلگت بلتستان پر زبانی جمع خرچ کیا جس کو عوام نے مسترد کیا، گلگت بلتستان میں تمام پولنگ اسٹیشنز کا احوال براہ راست دکھایا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا طریقہ کار یہ رہا ہے کہ جو الیکشن یہ جیتیں وہ ٹھیک ہوتے ہیں۔

انہوں نے نواز خاندان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف فیملی سمجھتی ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں۔

شبلی فراز کا سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق کہنا تھا کہ نوازشریف ڈان تھا، ملک میں جب تک ایماندار اور بے ایمان میں فرق نہیں ہوگا تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، قانون کی حکمرانی ہمارا سب سے پہلا ہدف ہے، ہم ان سارے کرمنلز کے پیچھے جائیں گے۔

اپنی پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے طریقہ حکومت میں عیاشیاں نہیں ہو رہیں، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن ان کے پیچھے جائےگی، نیب یا کورٹس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے  پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز جمہوریت پربھاشن دینے کے بجائے بتائیں کہ ایون فیلڈز اپارٹمنٹ کیسے بنائے، یہ سیاسی بیانیہ لے کر اداروں کے پیچھے پڑ گئے۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ یہ ہمیں کہتے ہیں کہ تمہیں دیکھ لیں گے میں کہتا ہوں ہم تمہیں دیکھ لیں گے، یہ اپنی کرپشن چھپانے کے لیےاداروں کےخلاف اور دھاندلی کا نعرہ لگاتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کہ گلگت بلتستان میں انہوں نے کیا کیا ہے، پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جس نے شفاف اور کلئیر الیکشن کی کوشش کی، حکومت ای ووٹنگ کا قانون لا رہی ہے، سینیٹ الیکشنز شو آف ہینڈ سے کرائیں گے۔

شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اسلام کے صحیح سفیر کے طور پر دنیا کے سامنے پیش ہوئے، کوئی بھی جمہوری حکومت ایسے اجتماع کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ فیض آباد دھرنے والوں سے مذاکرات کر رہے ہیں، وزارت داخلہ اعلامیہ جاری کرے گی جس میں عوامی مسائل کا حل پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین