اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت ہوا۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے اجلاس میں چارٹر آف پاکستان کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا، جس کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق چارٹر آف پاکستان میں آئین کی بالادستی اور شفاف انتخابات کے نکات شامل ہیں۔
مجوزہ چارٹر آف پاکستان میں اس بات کو یقینی بنانے کی بات کی گئی ہے کہ پارلیمانی خود مختاری یقینی بنائی جائے گی اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق چارٹر آف پاکستان میں 18 ویں ترمیم کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے اور ملکی معیشت کی بحالی کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کے نکات شامل ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کے مجوزہ چارٹر میں آزاد میڈیا اور آزادی اظہار کے دفاع، اس کی مکمل حمایت اور پاکستان میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے خاتمے کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔