• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کی بالادستی سمیت بڑے نکات پر اپوزیشن متفق ہے، مولانا فضل الرحمٰن


اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ قانونی کی بالادستی، تمام اسلامی شقوں کے تحفظ پر اتفاق ہوگیا ہے۔

میڈیا بریفنگ میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتےہیں۔ سیلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی آڑ میں جلسوں پر پابندی کی باتوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے میثاق پاکستان کے 12 نکات پر اتفاق کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس سے بلاول بھٹو زرداری اور اختر مینگل نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں پارلیمنٹ کی خود مختاری، آزاد عدلیہ کے قیام اور سیاسی حقوق کے تحفظ پر متفق ہیں۔


مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کے بنیادی نکات میں صوبوں کے حقوق، میڈیا کی آزادی کا تحفظ اور 18 ویں ترمیم کی حفاظت شامل ہے، جس پر سب نے اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا کو 4 سو ارب روپے کی سہولت دی گئی، جس افسر نے چور کو پکڑا اُسے نوکری سے نکال دیا گیا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے جو اعترافات کیے ہیں وہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ایف آئی آر ہیں، عمران خان نے شبر زیدی سے کہا کہ ان کو چھوڑ دو یہ ہمیں فنڈ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن کے نتائج کو مسترد کیا ہے، یہ 2018 کے انتخابات کی دھاندلی کا ری پلے تھا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو آزادانہ انتخابات کے لئے ہدایات دی تھیں، انہیں گلگت بلتستان کے الیکشن میں مسترد کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد نے طے کیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھجوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نیب، ایف آئی اے اور دیگر ادارے سیاسی لوگوں پر جھوٹے مقدمات کرکے انتقام لے رہے ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں جلسوں پر پابندی لگانے کو مسترد کرتے ہیں، اپوزیشن کے جلسے شیڈول کے مطابق کیے جائیں گے۔

تازہ ترین