• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان میں جعلی حکومت دھاندلی کے باوجود نہ جیت سکی، مریم نواز


سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جماعت دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکی ۔

مانسہرہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت پر خوب تنقید کی اور اسے جعلی قرار دیا۔

ن لیگی نائب صدر نے جلسے کے شرکاء سے استفسار کیا کہ نواز شریف کا پاکستان اچھا تھا یا ووٹ چور کا پاکستان اچھا ہے؟ جس نے آج تک عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ہزارہ سے بہت پرانا رشتہ ہے، سابق وزیراعظم نے یہاں کے عوام سے محبت اور اپنا ہر وعدہ نبھایا۔


مریم نواز نے مزید کہا کہ اسی محبت کی سزا آج نواز شریف کے ساتھ عوام بھی بھگت رہے ہیں، ن لیگی قائد نے گھر گھر گیس اور بجلی پہنچانے کا وعدہ پورا کیا، میں پوچھتی ہوں ہزارہ موٹروے کس نے دی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جس نے پورے ملک میں اینٹ نہیں لگائی وہ نواز شریف کے موٹروے پر تختی لگا کر چلا گیا۔

ن لیگی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ جب تک یہ جعلی حکومت ہے مہنگائی کم نہیں ہوسکتی، سستی دوائی نہیں مل سکتی،آٹا اور چینی کی چوری نہیں رک سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کے ہوتے ہوئے آپ کا ووٹ چوری ہوتا رہے گا، 10دن گلگت بلتستان میں رہی، ہر جگہ سے شیر کی آواز آرہی تھی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے گلگت بلتستان میں نواز شریف کا بیانیہ گونج رہا تھا، جس نے تمہیں کہیں کا نہیں چھوڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنتے تھے کہ گلگت بلتستان کا ووٹ اُس وقت کی وفاقی حکومت کا ہوتا ہے، آج انہیں دھاندلی کے باوجود 7 یا 8 نشستیں ملی ہیں، ایسی شکست والا 3 دن تک گھر سے نہیں نکلتا۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے جعلی نتائج کو کوئی بھی ماننے کے لیے تیار نہیں ہے، دھاندلی کے باوجود اس جعلی کو جتایا نہیں جاسکا کیونکہ اب یہ دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بندے چرانے اور دھاندلی کے باوجود صرف 8 سیٹیں ملیں، پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی سیٹیں بھی مسلم لیگ ن کی مرہون منت ہیں، بھیک میں ملی سیٹوں کی مبارک باد ہم سلیکٹرز کو دیتے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان والوں کو سبسڈی کی فکر نہیں، انہیں ریجیکٹ کیا، آپ نے عوام کو دیا ہی کیا ہے جو گلگت بلتستان والوں سے ووٹ مانگنے پہنچ گئے تھے۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف پاکستان آکر چوتھی بار وزیراعظم بنے گا کیونکہ 22 کروڑ عوام نے ن لیگی قائد کا بیانیہ سمجھ لیا ہے۔

تازہ ترین