• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 2020 ڈریم ٹیم کا اعلان، قلندرز کے 6 کھلاڑی شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کی ڈریم ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں لاہور قلندرز کے 6 اور کراچی کنگز کے 3 کھلاڑی شامل ہیں۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ چار رکنی جیوری نے ٹیم آف دی پی ایس ایل 2020 کا اعلان کیا ہے۔

جیوری کے مطابق اس ٹیم کی قیادت اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے سپرد کی گئی ہے۔

اس ٹیم کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں پی ایس ایل فائیو کی رنراپ ٹیم لاہور قلندرز کے 6 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ فاتح ٹیم کراچی کنگز کے 3 کھلاڑی اس کا حصہ بنے ہیں۔

اس کے علاہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک ایک کھلاڑی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز سے کرس لین، محمد حفیظ، بین ڈنک (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ویسا، شاہین آفریدی اور فخر زمان (12ویں کھلاڑی) کو شامل کیا گیا ہے۔

اس ٹیم میں کراچی کنگز کے بابر اعظم، محمد عامر اور ایلکس ہیلز جبکہ پشاور زلمی سے نوجوان بیٹسمین حیدر علی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے محمد حسنین اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان شامل ہیں جو اس ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

پی سی بی کے مطاب اس ڈریم ٹیم کو جس چار رکنی جیوری نے منتخب کیا ہے اس میں کمنٹیٹر بازید خان، رمیز راجہ، عروج ممتاز اور ندیم خان شامل تھے۔

پی سی بی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کے انتخاب میں کرکٹ سے متعلق مختلف محرکات کو پیش نظر رکھا گیا، جن میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے میچ پر اثرات، کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹیم کا بہترین کمبی نیشن نمایاں ہیں۔

پی ایس ایل 2020 ڈریم ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کا کپتان منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے، تاہم افسوس ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔

شاداب خان نے آئندہ ایونٹ کے لیے بہترین کارکردگی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ 2020 کا اختتام کراچی کنگز کی فتح کے ساتھ ہوا تھا۔ 

عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز کو منسوخ کردیا گیا تھا، تاہم پی سی بی نے پاکستان میں اس وبا میں کمی کے بعد نومبر میں بقیہ میچز کروانے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین