• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کنگز کی فتح، ڈین جونز کی اہلیہ بھی خوش

کراچی کنگز کے آنجہانی ہیڈ کوچ ڈین جونز کی اہلیہ بھی کراچی کنگز کے پاکستان سُپر لیگ(پی ایس ایل) جیتنے کا اعزاز اپنے نام کرنے پر خوش دکھائی دے رہی ہیں۔

ڈین جونز کی اہلیہ جین جونز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے کراچی کنگز کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈینو اگر آج ہوتے تو وہ لڑکوں کی محنت دیکھ کر خوش ہوتے کیونکہ انہوں نے بہت مشکل حالات میں بہت سخت محنت کی۔‘

آنجہانی کرکٹر کی اہلیہ نے محبتوں اور حمایت کرنے پر کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، کوچ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم اور کپتان کراچی کنگز عماد وسیم سمیت پوری پاکستانی قوم کا خصوصی شکریہ بھی کیا۔


پی ایس ایل فائیو کی فاتح کراچی کنگز کو ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی جب کہ لاہور قلندرز کو دو لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا چیک دیا گیا۔

فتح کے بعد کراچی کنگز کے کوچ وسیم اکرم نے پی ایس ایل فائیو میں کامیابی کراچی کنگز کے سابق آنجہانی کوچ ڈین جونز کے نام کر دی۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اب تک پانچ ایڈیشنز کھیلے جا چکے ہیں جن میں دو مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ جب کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی ایک، ایک بار پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

تازہ ترین