• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت الیکشن: جی بی 2 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی، پی ٹی آئی پھر کامیاب

گلگت بلتستان کے انتخابات کے سلسلے میں جی بی 2 گلگت 2  میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق جی بی اے 2 گلگت2 میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے امید وار فتح اللّٰہ خان 96 ووٹوں سے کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کےفتح اللّٰہ خان کو 6 ہزار 880 ووٹ ملے ہیں جبکہ ان کے مقابل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے جمیل احمد 6 ہزار 764 ووٹ لے کر اس حلقے سے دوسرے نمبر رہے ہیں۔

جی بی اے 2 گلگت2 پر فتح اللّٰہ خان کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 9 ہو گئی، جبکہ 5 آزاد امید واروں کی شمولیت کے بعد جی بی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی مجموعی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں جی بی ٹو میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ خان پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد سے صرف دو ووٹوں کے فرق سے الیکشن جیتے لیکن پیپلز پارٹی نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور جیالوں نے دھرنا دے دیا۔

دوسری بار ووٹوں کی گنتی ہوئی تو دھرنے پر موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اس دعوے کے ساتھ خوشی منانا شروع کر دی کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل احمد کامیاب ہو گئے ہیں۔

اب ریٹرننگ افسر کی جانب سے جی بی 2 گلگت 2 کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار فتح اللہ خان 96 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے ہیں۔

تازہ ترین