وزیراعظم عمران خان کی آرکائیوز سے مختلف تصاویر آج کل سوشل میڈیا پر سامنے آرہی ہیں، کچھ تو عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی زینت بنائی جاتی ہیں تو کچھ پاکستان تحریک انصاف کے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے زریعے سامنے لائی جاتی ہیں۔
عمران خان کی یادگار تصویریں شیئر کرنے میں سینیٹر فیصل جاوید بھی پیش پیش ہیں اور وہ بھی اپنے لیڈر کی نایاب تصاویر اپنے اکاؤنٹ کی زینت بناتے ہیں اور صارفین کو محظوظ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
سینیٹر فیصل جاوید آرکائیوز سے عمران خان کی ایک بہت ہی نایاب تصویر سامنے لائے ہیں جس میں عمران خان ریڈیو کیلئے کمنٹری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ عمران خان کے ہمراہ معروف ریڈیو براڈکاسٹر شاہد جمال اور غیر ملکی ریڈیو براڈکاسٹر ایرک گاڈر ساتھ بیٹھے ہیں۔
اس سے قبل بھی فیصل جاوید نے عمران خان کی ریڈیو براڈ کاسٹر شاہد جمال کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی۔
سینیٹر فیصل جاوید نے لکھا کہ ’آرکائیو کی ایک حسِین یاد۔‘
وزیراعظم پاکستان عمران خان آج کل اپنی پرانی یادوں کو سوشل میڈیا کی زینت بنارہے ہیں، اسی سلسلے میں انہوں نے 2000 میں لی گئی بیٹے سلیمان کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شیئر کی تھی۔
خیال رہے کہ 17 اگست 2018 کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے والے عمران خان نے تین شادیاں کیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔
انہوں نے پہلی شادی 1995 میں برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ سے کی جن سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے۔2004 میں ان کی طلاق ہوگئی۔
پھر کپتان نے دوسری شادی 2015 میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی، ان کی تیسری شادی 2018 میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔