• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد امریکا کے نو منتخب صدر بننے والے جوبائیڈن کی اہلیہ ڈاکٹر جِل بائیڈن نے ماسک پہننے کی وجہ بتادی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جوبائیڈن کی اہلیہ ڈاکٹر جِل بائیڈن نے اپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ خود کو اور اپنے اردگرد موجود لوگوں کو عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے چہرے پر ماسک لگائے اور ہاتھوں میں دستانے پہنے کھڑی ہیں۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں واضح طور پر تو نظر نہیں آرہا لیکن تصویر غور سے دیکھنے کے بعد اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جوبائیڈن کی اہلیہ کسی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں۔

ڈاکٹر جِل بائیڈن نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم ان لوگوں کی حفاظت کے لیے ماسک پہنتے ہیں جن سے ہم بہت پیار کرتے ہیں اور جن کو ہم نہیں جانتے۔‘

جوبائیڈن کی اہلیہ کے اس معنی خیز پیغام کو ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بہت سراہا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب تک اُن کے ٹوئٹ پر ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 56 ہزار 254 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ 73 ہزار 727 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 44 لاکھ 50 ہزار 477 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 22 ہزار 195 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 71 لاکھ 66 ہزار 996 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین