• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براہِ مہربانی فین پیجز سے میری تصاویر ہٹا دیں، زائرہ وسیم

گزشتہ سال اسلام کی خاطر فلمی دُنیا کو خیرباد کہنے والی زائرہ وسیم نے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے فین پیچز سے اُن کی تمام تصویریں ہٹا دی جائیں۔

اس حوالے سے زائرہ وسیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کے لیے خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے، اُنہوں نے امریکی سیاستدان کی ایک میم شیئر کی ہے جس پر لکھا ہے کہ ’پیارے شائقین، میں ایک بار پھر آپ سے اپنا پیغام پڑھنے کو کہہ رہی ہوں۔‘


میم شیئر کرنے کے بعد زائرہ وسیم نے مداحوں کے لیے اپنے خصوصی پیغام کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے پہلے تو میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جو مجھ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں کیونکہ میرے لیے آپ سب کی محبت عارضی نہیں ہے۔‘

زائرہ وسیم نے کہا کہ ’میں اس بات کے لیے بھی آپ سب کی شُکر گُزار ہوں کہ آپ نے میرے ہر فیصلے میں مجھے سپورٹ کیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں آپ سب کی محبت اور پیار کو مدِنظر رکھتے ہوئے آپ سے ایک درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ مہربانی کر کے میرے تمام فین پیجز سے میری تصویریں ہٹا دیں۔‘

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ انٹرنیٹ سے میری تصویریں ہٹانا مشکل کام ہے لیکن میری درخواست پر آپ فین پیجز سے تو تصویریں ہٹا ہی سکتے ہیں۔‘

زائرہ وسیم نے کہا کہ ’جس طرح آپ نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے مہربانی کر کے اس فیصلے میں میرا ساتھ دیں اور میری تمام تصویریں ڈیلیٹ کر دیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنی زندگی میں ایک نیا باب شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہوں اور میں چاہتی ہوں کہ آپ اس میں میرے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔‘

سابقہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میرے سفر کا ایک حصہ بننے کے لیے آپ کا شکریہ، اللّٰہ آپ کو اجر عظیم عطا کرے آمین۔‘

زائرہ وسیم نے اس پیغام کے ساتھ ایک چھوٹا سا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے جس پر لکھا تھا ’پلیز‘ یعنی وہ اپنے مداحوں سے اُن کی بات پر عمل کرنے کی درخواست کر رہی ہیں۔

سابقہ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نے یہ پیغام پہلے بھی جاری کیا تھا اگر آپ نے پہلے یہ پیغام نہیں پڑھا تھا تو اس بار ضرور پڑھیں۔‘

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں زائرہ وسیم نے اپنے مداحوں کو اپنی تعریف کرنے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ان کے ایمان کے لیے خطرناک ہے۔‘

زائرہ وسیم نے کہا تھا کہ ’میں آپ سب سے گزارش کرتی ہوں کہ مہربانی کر کے میری تعریف نہ کیا کریں اور اللّٰہ تعالیٰ سے دُعا کرتی ہوں کہ وہ میری اُن تمام غلطیوں کو نظر انداز کر دے جو ان گنت ہیں اور میرے دل کو رحمت اور تقویٰ کی روشنی سے روشن کر دے اور میرے ایمان کو مزید بڑھا دے۔‘

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے گزشتہ سال مذہب کی خاطر فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا، زائرہ وسیم نے 2015ء میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’دنگل‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

تازہ ترین