• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائزر نے کورونا ویکسین کی منظوری کیلئے ایف ڈی اے کو درخواست دیدی

واشنگٹن (آئی این پی) فائزر اور بیون ٹیک نے کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری کے لیے امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو ہنگامی بنیادوں پر منظوری کے لیے درخواست دے دی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دواساز کمپنی فائزر نے جرمنی کی کمپنی بیون ٹیک کے اشتراک سے کورونا ویکسین تیار کر لی ہے اور اب ویکسین کی منظوری کے لیے دوا اور غذا کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ مستند سمجھے جانے والے ادارے ایف ڈی اے سے رجوع کرلیا ہے۔ امریکا میں دواو ں کی فروخت کے لیے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے منظوری لازمی ہے اور دنیا بھر میں بھی ایسی دواو ں کو مستند جانا جاتا ہے جنہیں ایف ڈی اے نے منظور کیا ہو۔ اگر فائزر کی ویکسین کو منظوری مل جاتی ہے تو ایف ڈی اے اپروول حاصل کرنے والی یہ پہلی کورونا ویکسین بن جائے گی۔ ادھر ایف ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کمیٹی 10 دسمبر کو اس ویکسین کی ممکنہ طور پر ہنگامی منظوری پر غور کرے گی جس کے لیے اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ منظوری کے لیے کتنا عرصہ درکار ہوگا۔
تازہ ترین