مسلم لیگ نون کی جانب سے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست ڈپٹی سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ن عطا اللّہ تارڑ نے جمع کرائی جبکہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہباز شریف اورحمزہ شہباز کو بیگم شمیم اختر کی تدفین میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا جائے۔
درخواست میں دو ہفتے کی پیرول کی استدعا کی گئی ہے، پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے دو ہفتے کے لیے رہا کیا جائے۔
درخواست کے متن میں کہا گیا کہ ماں کے دنیا سے رخصت ہوجانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں لہٰذا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر پیرول پر رہا کیا جائے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کا جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں پڑھایا جائے گا جبکہ اُن کی تدفین جاتی عمرہ میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر گزشتہ روز لندن میں انتقال کرگئیں جس کی اطلاع مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان کے ذریعے دی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے اپنے بیان میں بتایا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پاگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی۔
مرحومہ شمیم اختر کے بڑے صاحبزادے نواز شریف اپنے علاج کے لیے اس وقت لندن میں مقیم ہیں جبکہ اُن کے چھوٹے صاحبزادے شہباز شریف لاہور کی جیل میں ہیں۔
ان کی میت پاکستان لائی جائے گی جبکہ تدفین جاتی امراء میں اپنے شوہر میاں شریف کے پہلو میں مختص جگہ پر ہوگی، انتقال کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں۔
مرحومہ بیگم شمیم اختر کے جنازے میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا جائے گا۔