نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں آج چھٹیوں یا اسکولوں کی بندش کے حوالے سےکوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ، تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔
این سی او سی میں بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کے حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق بین الصوبائی وزرا تعلیم فورم کو کورونا کے پھیلاؤ پر ملکی، ریجنل اور بین الاقوامی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکریٹری نیشنل ہیلتھ سروس نے بھی اپنی سفارشات بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کو پیش کیں اور صوبائی وزرا نے اپنے متعلقہ صوبوں کے ایجوکیشن سیکٹر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موسم سرما کے شیڈول پر غور کیا گیا، اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے کی تجویز پرغور کیا گیا۔
موسم سرما کی تعطیلات کے متعلق حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی، اجلاس میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیسزخطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے، 23 نومبر کو سردیوں کی تعطیلات اور اسکولوں کی بندش کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوگا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ آج بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کی مشاورت اور سفارشات این سی سی میں پیش کی جائیں گی۔
سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ تمام وزرا اگلی میٹنگ سے قبل اپنے متعلقہ ہیلتھ اتھارٹیز سے مشاورت کرکے اپنی سفارشات تیار کریں۔