پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمٰن نے پاکستان کو درپیش خارجی بحرانوں پر تحریک التوا جمع کرادی ہے۔
شیری رحمٰن نے تحریک التوا میں ملک کو درپیش علاقائی اور عالمی چیلنجز پر فوری بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی اور عالمی امور میں متعدد بحرانوں کا سامنا ہے جبکہ حکومت ملکی مفادات کے حصول کے لیے قومی اتحاد اور پارلیمان کو استعمال نہیں کرسکی۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت کی کشمیر اور فلسطین پر پالیسی غیر واضح ہے جبکہ حکومت بیجنگ اور واشنگٹن جیسے اہم عالمی دارالحکومتوں میں اپنے مواقع ضائع کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور معاشی محاذوں پر چیلنجز بڑھتے جارہے ہیں، خارجہ پالیسی کے چیلنجز اہمیت کے حامل ہیں اور ان پر فوری توجہ چاہیے۔