• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کے انٹرویو میں ذہنی دباؤ کی جھلک نظر آئی، وزیر اعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیماریوں کی جڑ ذہنی دباؤ ہے، کل اس ذہنی دباؤ کی جھلک اسحاق ڈار کے انٹرویو میں نظر آرہی تھی، وہ جھوٹ پر جھوٹ بول رہے تھے ، کہہ رہے تھے وہ بیمار نہیں، اگر انہیں دل کا مسئلہ نہیں بھی تھا تو کل ہو جاتا ۔

گلگت بلتستان کی نو منتخب کابینہ اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کابینہ اور وزیراعلیٰ کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہاں ایسی حکومت آئے گی جو نئے اسٹینڈرڈ قائم کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا سے لوگ مر رہے ہیں، اپوزیشن جلسے کررہی ہے، یہ جلسے چوری بچانے کے لیے کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں، یہ جھوٹ بول کر کبھی لندن اور کبھی دبئی جاتے ہیں، اللہ کا ان پر عذاب نازل ہوتے دیکھا ہے۔

نو منتخب کابینہ اراکین سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ میں آپ کا علاقہ جانتا ہوں، آپ کے مسئلے جانتا ہوں، سب سے پہلے صوبائی حیثیت پر کام کریں گے،آپ لوگوں کو ہم سے بہتر علم ہے کہ کون سے پروجیکٹ بنانے ہیں۔


وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ احساس پروگرام کے علاوہ یہاں کے لوگوں کےلئے ہیلتھ انشورنس بھی لے کر آرہے ہیں،10 لاکھ روپے تک کا لوگ کسی بھی اسپتال میں فری علاج کراسکیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ٹورازم پر پوری توجہ دی جائے گی، بدقسمتی سےکورونا وائرس کی وجہ سے زیادہ سیاح نہیں آسکے تاہم ہماری کوشش ہے کہ گلگت بلتستان کو ٹورازم حب بنا دیں۔

انہوں نے کہاکہ لوگوں کواپنے گھروں کے ساتھ گیسٹ روم بنانے کیلئے سستے قرضے دیں گے،اس کے علاوہ اسکردو میں 250 بیڈ کے اسپتال پر کام جاری ہے، جو مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ گلگت بلتستان کیلئے 300 میگاواٹ بجلی پیداوار کے منصوبے بنا رہے ہیں، ہائیڈرو الیکٹرک پاور کے ساتھ اسپیشل اکنامک زون بنتا جائے گا، گلگت بلتستان سی پیک کےراستے میں ہے، یہاں پہلا اسپیشل اکنامک زون بنائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لیڈرمیں دو خصوصیت صادق اور امین ہونا بہت ضروری ہے،حرام کا پیسااللہ کی لعنت ہے، انسانیت کی خدمت کریں گے تو اللہ خوش ہوگا۔

تازہ ترین