• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو گیس فراہمی کا کیس ہیڈ آفس بھجوا دیا، جنرل منیجر

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاوسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر عبداللہ کاکڑ کی سربراہی میں سوئی سدرن گیس کمپنے کے جی ایم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایسوسی ایشن کے وفد نے جی ایم کی توجہ زرغون ہاوسنگ اسکیم میں رہائش پزیر افراد کو درپیش مشکلات کی جانب دلائی اور انہیں بتایا کہ اسکیم 2017 سے اگرچہ تکمیل کو پہنچ چکی ہے مگر عملاً اس کے رہائشی اب تک بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں جن میں گیس بھی شامل ہے۔ سخت سردی میں بھی گیس نہ ہونے کے سبب مکینوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔ وفد نے عوامی مفاد میں انہیں گیس سپلائی کو اولیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ جی ایم گیس کمپنی نے وفد کو بتایا کہ زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو گیس کی فراہمی کا کیس فائنل اپرول کے لیے ہیڈ آفس کراچی بھیجا گیا ہے اور بہت جلد اس کام کی اپروول مل جائے گی۔بعد ازاں کیو ڈی اے کو ڈیمانڈ نوٹ جاری کیا جائے گا۔ اور 8 ماہ تک گیس لائن بچھا دی جائے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد 12 انچ قطر کی گیس پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کر دیا جائے گا اور اس لائن سے زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے علاوہ ایف سی کالونی،کڈنی سنٹر، نسٹ اور نواں کلی کا کچھ علاقہ مستفید ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس گیس پائپ لائن کیلئے مختلف اداروں نے پیمنٹ کر دی ہے جبکہ پائپ کی خریداری کے لیے ٹینڈر جلد اخبار میں آ جائیگا اور پائپ کی خریداری کے بعد گیس پائپ لائن بچھا نے کے کام کا آ غاز ہوگا۔ تاہم زرغون ہاوسنگ اسکیم کو بھی 12 انچ قطر کی لائن بچھانے کا کام چھ سے آٹھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا بعد ازاں اسکیم کے اندر پائپ لائنز بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا۔وفد نے ان سے درخواست کی کہ انٹرنل پائپ لائن بچھانے کا کام بھی ساتھ ساتھ ہی ہونا چاہئیے تاکہ جب 12 انچ قطر کی پائپ لائن اسکیم تک پہنچے اسکیم کے اندر بھی کام مکمل ہو اور اس کو جوائنٹ کر کے آئندہ جون /جولائی تک کیس کی فراہمی یقینی ہو سکے۔ جی ایم گیس کمپنی سے ملاقات کو جانے والے وفد میں کیو ڈی اے کے ایک ایس ڈی او نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین