• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر ظفر اللّٰہ جمالی کے انتقال پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تعزیت

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے سابق وزیرِ اعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے جاری کیئے گئے تعزیتی بیان میں سابق وزیرِ اعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کا ملک کی سیاست میں اہم کردار تھا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا یہ بھی کہنا ہے کہ میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کی وفات سے ملک ایک اچھے اور معتبر سیاستدان سے محروم ہو گیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم اور بلوچستان کی نامور سیاسی شخصیت میر ظفر اللّٰہ خان جمالی گزشتہ روز 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

میر ظفر اللّٰہ جمالی گزشتہ کئی دن سے اے ایف آئی سی میں زیرِ علاج تھے اور گزشتہ 3 دن سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

میر ظفر اللّٰہ جمالی نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1970ء میں کیا تھا، 1977ء کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی بار بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر بھی رہے۔

جنرل ضیاء الحق کے دور میں انہیں وفاقی کابینہ میں وزیرِ مملکت مقرر کیا گیا، اس کے بعد 1985ء کے عام انتخابات میں دوبارہ اپنے حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور اس وقت کے وزیرِ اعظم کی وفاقی کابینہ میں شامل رہے، انہیں وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی کا قلمدان سونپا گیا تھا۔


1988ء میں ظفر اللّٰہ خان جمالی نگران وزیرِ اعلیٰ بلوچستان رہے، 1988ء کے عام انتخابات میں دوبارہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے منصب پر فائز ہوئے۔

1993ء کے عام انتخابات میں وہ مسلم لیگ کے ٹکٹ پر دوبارہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوگئے، وہ 1994ء اور 1997ء میں سینیٹ کے رکن بھی رہے اور 1997ء میں دوبارہ نگراں وزیرِاعلیٰ بلوچستان رہے۔

میر ظفر اللّٰہ خان جمالی وزیرِ 23 نومبر 2002ء کو پاکستان کے تیرہویں وزیرِاعظم منتخب ہوئے، 26 جون 2004ء کو انہوں نے وزراتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کو کھیلوں سے بھی بہت دلچسپی تھی، وہ زمانۂ طالب علمی میں خود بھی ہاکی کھیلتے رہے، وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے ہیں۔

تازہ ترین