• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج الحق، پرویز الٰہی کی تعزیت کیلئے شہباز شریف سے ملاقات

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف سے تعزیت کے لیے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق اور مسلم لیگ ق کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی شہباز شریف سے ملاقات کے لئے ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

اس موقع پر پرویز الٰہی نے شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریف بھی ملاقات میں موجود تھیں ، پرویز الٰہی نے مریم نواز سے چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے بھی تعزیت کی ، اس موقع پر شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے وفد نے بھی میاں محمد شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن لاہورمیں ملاقات کی۔

وفد میں امیرِجماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق، امیر العظیم، فرید احمد پراچہ اور قیصر شریف شامل تھے۔

جماعتِ اسلامی کے وفد نے شہباز شریف سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔

والدہ کے انتقال کے باعث پیرول پر رہا کیئے گئے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آج پیرول ختم ہونے پر کوٹ لکھپت جیل واپس جائیں گے۔


شہباز شریف اور حمزہ شہباز 27 نومبر کو 4 بجے 5 روزہ پیرول پر رہا ہوئے تھے، پنجاب حکومت نے کل ان کی پیرول پر رہائی میں 24 گھنٹےکی توسیع کر دی تھی۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے محکمۂ داخلہ پنجاب کو میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، جن کی تدفین میں شرکت کے لیے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

تازہ ترین