• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وباء کے دوران اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے: عثمان بزدار


پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کوئی ذی شعور موجودہ حالات میں اجتماع کا سوچ سکتا ہے، نہ بات کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے یہ عناصر عقل کے ساتھ بصیرت سے بھی عاری ہیں، اپوزیشن دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے کورونا وائرس کی پہلی لہر میں سخت لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کیا تھا، اب دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے اور اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے، یہ ٹولہ آئندہ بھی روتا رہے گا، انسانی جانوں کا تحفظ مقدم ہے، عوام کی زندگیوں کیلئے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید