• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی کنارے میں یہودی قابضین کے حملے میں زخمی امریکی صحافی کی پسلی ٹوٹنے کی تصدیق

آبادکاروں نے ہیڈی لیوائن کو زمین پر گرا کر لاتیں اور ڈنڈے مارے اور ان کا سامان چھین لیا۔ فوٹو: رائٹرز
آبادکاروں نے ہیڈی لیوائن کو زمین پر گرا کر لاتیں اور ڈنڈے مارے اور ان کا سامان چھین لیا۔ فوٹو: رائٹرز 

مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی قابضین نے سفارتی وفد پر حملہ کردیا۔ اس وفد میں فرانس کے قونصل بھی شامل تھے، حملے میں زخمی امریکی صحافی ہیڈی لیوائن کی ایک پسلی اور ریڑھ کی ہڈی کے چار مہرے ٹوٹ گئے۔

مغربی کنارے کے گاؤں "طیبہ" کے میئر نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نقاب پوش یہودی قابضین نے سفارتی وفد کی گاڑیوں کو روکا۔ شناختی کاغذات چیک کیے، وفد کے ارکان کو ہراساں کیا۔ حملے میں فرانسیسی سفارت کاروں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جب کہ بیلجیئم کے قونصل خانے کی گاڑی کا شیشہ توڑ دیا گیا۔

اس سے پہلے گذشتہ روز یہودی قابضین کے فلسطینی کسانوں پر حملے کی کوریج کرنے والی امریکی خاتون فوٹو جرنلسٹ ہیڈی لیوائن قابضین کے حملوں کا نشانہ بن چکی ہیں۔ ہیڈی لیوائن کی اس حملے میں ایک پسلی اور ریڑھ کی ہڈی کے چار مہرے ٹوٹ گئے۔ جب کہ ایک انگلی کٹ گئی۔ ان کے جسم پر تیز دھار آلے سے کئی زخم آئے ہیں۔

فوٹو جرنلسٹ ہیڈی لیوائن اس وقت زخمی ہوئیں جب وہ فلسطینی کسانوں پر 80 سے زائد نقاب پوش یہودی آباد کاروں کے حملے کی کوریج کر رہی تھیں۔

آبادکاروں نے ہیڈی لیوائن کو زمین پر گرا کر لاتیں اور ڈنڈے مارے اور ان کا سامان چھین لیا۔ ہیڈی لیوائن کا کہنا ہے کہ یہ یہودی دہشتگرد ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کوئی ماں باپ کیسے اپنے بچوں کو ایسی درندگی سکھا سکتے ہیں۔

اسی دوران خبر سامنے آئی ہے کہ یہودی قابضین نے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے کی سوشل میڈیا پر مہم تیز کردی ہے۔ یہودی قابضین سوشل میڈیا پر اُن دیہات کے نام جاری کرتے ہیں، جنہیں وہ اپنا ہدف بنانے والے ہوتے ہیں۔ 

سوشل میڈیا پر دیگر یہودی قابضین کو حملے میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق ان حملوں میں اسرائیلی فوج قابضین کا دفاع یقینی بناتی ہے۔ جب کہ اپنی زمین کا دفاع کرنے والے فلسطینیوں کو نشانہ بناتی ہے۔

دوسری جانب یہودی قابضین کے حملے بڑھنے پر فلسطینی تنظیم حماس نے اپنے کارکنوں کو متحرک ہونے کی ہدایت کردی ہے۔ 

فلسطینی کسانوں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے سینئر حماس رہنما عبدالرحمان نے کہا کہ یہودی قابضین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے بڑھا دیے ہیں۔ اس اسرائیلی جارحیت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید