• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد، 1 ماہ میں 32کورونا مریض جاں بحق

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کے لیاقت یونیورسٹی اسپتال میں کورونا وائرس کے متاثرہ مزید 2 مریض دم توڑ گئے۔

ان 2 کورونا وائرس کے مریضوں کے جاں بحق ہونے کے بعد اس اسپتال میں 1 ماہ میں کورونا کی وباء سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 32 ہو گئی۔

لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد میں کورونا وائرس کے وارڈ بھر جانے کے بعد مریضوں کو جامشورو اسپتال منتقل کیا جانے لگا ہے۔

ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد سومرو کہتے ہیں کہ جامشورواسپتال میں 32 بستروں ہر مشتمل کوویڈ وارڈ قائم کیا ہے جہاں حیدر آباد سے 6 مریضوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 79 ہزار 24 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات 2 ہزار 983 ہو گئیں۔


ادھر پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 260 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 51 ہزار 507 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 395 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار 305 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین