• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں صبح سویرے دھند چھائی رہی، کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب حدِ نگاہ 1 کلومیٹر رہی۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع صاف، جبکہ صبح کے وقت کہر اور دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ میدانی علاقے کے باعث ایئر پورٹ کے رن وے پر دھند زیادہ جمع ہوتی ہے، دھوپ نکلنے اور درجۂ حرارت بڑھنے کے ساتھ دھند میں کمی آجاتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کا آج کم سے کم درجۂ حرارت 17 اعشاریہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 16 سے 18 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے، لاہور اور گرد و نواح میں دھند کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


بہاول نگر، وہاڑی، ہڑپہ، داد فتیانہ، کسووال اور اقبال نگر میں دھند ہے، قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 100 سے 200 میٹر رہ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گا،جس کے باعث پیر سے بدھ کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختون خوا، پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

اس مغربی سلسلے کے باعث کراچی میں بھی موسم اگلے ہفتے سے نسبتاً زیادہ سرد ہونے کا امکان ہے۔

تازہ ترین