• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی اور پنجاب میں صبح سویرے دھند کا راج

کراچی  کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی  دھند


کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی دھند چھائی ہوئی ہے، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا، جبکہ شہر میں درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد کا مطلع صاف، رات سرد اور صبح کے وقت کہر چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے جو شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے چل رہی ہے۔

ادھر پنجاب کے اکثر میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، جنوبی پنجاب کے اکثر علاقوں میں دھند زیادہ گہری ہے، جس کی وجہ سے خانیوال ملتان موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے متعدد اضلاع میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

ملتان میں آج دوسرے روز بھی دھند کا سلسلہ جاری ہے، دھند کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہوئے ہیں، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ملتان میں کم سے کم درجۂ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

شہر اور گرد و نواح میں دھند کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حدِ نگاہ 190 میٹر باقی رہ گئی، دھند کے باعث ملتان ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن تاخیر کا شکار ہے۔

ملتان میں دھند کے باعث موٹر وے ایم 4، ایم 5 بند ہے، موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے بند ہونے کے باعث عبدالحکیم، پیر محل، شور کوٹ، گوجرہ، فیصل آباد اور سکھر جانے والا ٹریفک متبادل روٹ استعمال کرے اور مسافر سفر کا آغاز کرنے سے قبل 130 پر کال کر کے موٹر وے پولیس سے معلومات حاصل کریں۔

موٹر وے پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، ملتان اور بہاولپور میں دھند ہے، حدِ نگاہ 200 میٹر تک رہ گئی ہے جس کی وجہ سے خانیوال ملتان موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہے۔

موٹر وے پولیس نے لوگوں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور معلومات و مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دھند کی وجہ سے شارجہ سے آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پرواز کو کراچی اور جدہ سے آنے والی ایئر بلیو کی پرواز کو لاہور ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا جبکہ دوحہ سے آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں برف باری جاری ہے، وادیٔ نیلم اور وادیٔ لیپہ میں شدید برف باری کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: دھند سے لاہور تا پنڈی بھٹیاں موٹر وے بند

آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی اضلاع میں وقفے وقفےسے بارش اور برف باری تیسرے روز بھی جاری ہے۔

وادیٔ گریس، بالائی وادیٔ نیلم، وادیٔ شونھڑ، جاگران، سرگن اور لیپہ ویلی سمیت حویلی اور پونچھ کے بلند علاقوں میں برف باری جاری ہے۔

وادیٔ گریس میں کیل سے تاؤبٹ تک، وادیٔ نیلم کی ذیلی وادیوں کو ملانےوالی سڑکیں اور وادیٔ لیپہ کو ملانے والی دونوں سڑکیں برف باری کے باعث بند ہیں۔

باغ شہر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث کچھ مقامات پر بھی سڑکوں پر آمد و رفت معطل ہے۔

نکیال میں بھی 3 روز سے وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ سے سڑکوں کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع استورمیں کئی روز سے وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔

اسکردو کی خوبصورت وادی کچورا میں موجود حسین نظاروں سے بھرپور شنگریلا جھیل کا پانی برف باری کے باعث اب برف میں تبدیل ہو رہا ہے۔

تازہ ترین