معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے لاہور جلسے سے متعلق کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا لاہورجلسہ توہین عدالت اورخلاف قانون ہے، جلسہ لاہور کی ترقی وخوشحالی پر خود کش حملے کے مترادف ہوگا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ حکومت جلسے کو طاقت سے نہیں قانون سے روکے گی، قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انتظامیہ، جلسہ منتظمین سے مذاکرات میں مصروف ہے۔
انہوں نے اپنی وائرل ویڈیوز سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراٹے کا مظاہرہ زندگی میں پہلی بار کیا، کراٹے کا مظاہرہ برائیلر مرغیوں کے لیے تھا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ٹائلیں توڑنے سے پیغام تھا برائیلر مرغیاں دیسی غذائیں کھانے والوں کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔