• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخلاق میں جنید جمشید جیسے بہت کم دیکھے ہیں:طارق جمیل

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ انہوں نے اخلاق میں جنید جمشید جیسے بہت کم دیکھے ہیں۔


معروف سماجی شخصیت، نعت خواں اور سابق گلوکار جنید جمشید کی چوتھی برسی پر مولانا طارق جمیل نے ایک سوشل میڈیا پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے جنید جمشید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ’میں نے اخلاق میں جنید جیسے بہت کم دیکھے ہیں، کتنی خوبصورت واپسی مقدر ہوئی، اللہ تعالیٰ اس کی بخشش فرمائے۔‘

یاد رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر 2016 میں ایک طیارے کے حادثے میں اس جہاں سے کوچ کرگئے تھے۔ ان کی اہلیہ بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوئی تھیں۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ جنید جمشید اور میں نے 10 حج اکٹھے کیے تھے۔

انہوں نے جنید جمشید کی یادیں سمیٹتے ہوئے کہا تھا کہ جب جنید جمشید گلوکاری چھوڑ کر تبلیغ کی طرف آئے تو ان دنوں میری ان سے ایک مرتبہ فون پر بات ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ مولانا صاحب میرے گھر میں اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ ماں کی دوا خرید کر لا سکوں جب کہ مجھے گلوکاری کے لیے 4 کروڑ کی پیشکش ہوئی ہے لیکن میں نے وہ آفر ٹھکرادی کیوں کہ مجھے اب واپس اس راستے پر نہیں جانا۔

مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ جنید جمشید نے محبت سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے، وہ بہت عظیم اخلاق والے شخص تھے اور ایسے اخلاق والے لوگ دنیا میں بہت کم دیکھے ہیں۔

تازہ ترین