مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور نے 13 دسمبر سے پہلے ہی کل اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بھی کل غور سے لاہوریوں کو دیکھا ہوگا، کل کوئی کرسی نہیں لگائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کل پورا لاہور شہر باہر تھا اور اب آپ کو پتا چل گیا ہوگا کہ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا اور عمران خان کوبھی اندازہ ہوگیا ہوگا کہ عوام کی طاقت اب نہیں رکے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں جلسہ ہوگا اور فیصلہ کن جلسہ ہوگا، اُس دن پورا پاکستان عمران خان کو پیغام دے گا کہ وہ اب گھر جائیں، عمران خان کے کرائے کے ترجمان کل کے بعد رات کو سو ہی نہیں سکے۔
اُن کا کہنا ہے کہ کرائے کے ان ترجمانوں نے اپنے بیگ اٹھانے ہیں اور ملک سے فرارہوجانا ہے، ووٹ چور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اب لاہور کے عوام نکلیں گے اور ان کو آخری دھکا دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کے لیے ایک ہی پیغام ہے کہ عوام آپ کو مکا دکھا چکی ہے، حکومت لاہور کے جلسے کے بعد ایک دن بھی نہیں رہ پائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں جتنی بھی پارٹیاں ہیں وہ متفق ہیں، کرائے کے ترجمان پی ڈی ایم میں اختلافات کی غلط باتیں پھیلا رہے ہیں۔