پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 42 ہزار 222 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 60 لاکھ 32 ہزار 390 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 369 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 72 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 1 ہزار 792 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 425 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 796 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 46 ہزار 629 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 471 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 83 ہزار مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 94 ہزار 359 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات 3 ہزار 149 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 27 ہزار 212 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 3 ہزار 351 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 52 ہزار 92 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 463 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 34 ہزار 579 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 368 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 17 ہزار 737 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 175 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 7 ہزار 663 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 191 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 783 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 99 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔