معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کے قریبی دوست کے والد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
اس ضمن میں شہزاد رائے نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک افسوسناک پیغام جاری کیا ہے۔
شہزاد رائے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ’عبید الحق جو ناصرف گلوکار کے ساؤنڈ انجینئر ہیں بلکہ گزشتہ 15 سال سے اُن کے دوست بھی ہیں، آج عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے اُن کے والد انتقال کرگئے ہیں۔‘
گلوکار نے کہا کہ ’عبیدالحق کے والد گزشتہ دنوں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔‘
اُنہوں نے اپنے دوست کے والد کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے صبر و جمیل کے لیے بھی دُعا کی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 8 ہزار 724 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 45 ہزار 124 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 116 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔