وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن اتحاد کے جلسے پر سوال اٹھادیا، انہوں نے استفسار کیا کہ کورونا وائرس کی شدید لہر میں جلسے کرنے والے عوام کے کیسے خیر خواہ ہوسکتے ہیں؟
ملتان سے جاری ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے سیاسی مداری ایک بار پھر اکٹھے ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ان کے کھوکھلے اور جھوٹے نعروں کی حقیقت جان گئے ہیں، وہ اب ان چوروں لٹیروں کے ہاتھوں بیوقوف بننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 70 سال بعد پاکستانی قوم کو عمران خان کی شکل میں ایماندار قیادت میسر آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں باریوں کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ چوروں کا ٹولہ اپنے لوٹ کے مال کو بچانے کے لیے عوام کو استعمال کرنا چاہتا ہے، لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔