• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا پاک بحریہ کی صلاحیت پر اطمینان کا اظہار

وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور ملکی سمندری حدود کے دفاع میں پاک بحریہ کی صلاحیت و قابلیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے خطے کے سمندری تحفظ کے لیے بین الاقوامی کاوشوں میں اشتراک اور اس ضمن میں پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی ساحلی حدود، گوادر پورٹ اور سی پیک کے میری ٹائم منصوبوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاک بحریہ کوخطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت کی توسیع و ترقی کے لیے مکمل حکومتی حمایت کا یقین دلایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور ملکی و معاشی ترقی میں اس کے کردار سے بہ خوبی واقف ہے۔ اسی جذبے اور حکومتی وژن کے تحت سال 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیا گیا تاکہ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کی لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء جن میں وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وفاقی وزیر برائے بحری امور، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن اور اسٹراٹیجک پالیسی پلاننگ اور سیکریٹریز برائے دفاع، خزانہ، خارجہ اور بحری امور شامل تھے۔ 


قبل ازیں وزیراعظم کو میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجر اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے وزیراعظم کا نیول ہیڈکوارٹرز آمد اور پاک بحریہ پر اعتماد کاشکریہ ادا کیا۔

سرا براہ پاک بحریہ نے انہیں یقین دلایا کہ پاک بحریہ اللّٰہ سبحان و تعالیٰ کی مدد سے ملک و قوم کی خدمت اور ہر طرح کے حالات خواہ امن ہو یا جنگ سمندری حدود کے دفاع اورملکی مفاد کے تحفظ کی اہم ذمہ داری سرانجام دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

تازہ ترین