عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے سبب لاک ڈاؤن، مائیکرو لاک ڈاؤن کا سلسلہ تا حال جاری ہے، کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے نیتجے میں جہاں دنیا بھرکی معیشت تباہ ہوئی ہے وہیں بھارت میں ہونے والی مہنگی ترین شادیوں پر بھی بری طرح منفی اثر پڑا ہے۔
بھارتی چینل ’ این ڈی ٹی وی ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال پلان کی گئی مہنگی ترین شادیاں نہایت سادگی اور کم افراد کی موجودگی میں طے پائی جس کے نتیجے میں شادیوں کے کاروبار سے جڑی دوسری انڈسٹریز کو بھی کافی دھچکا لگا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جن شادیوں میں ہزاروں کی تعداد میں افراد مدعو کیے جانے کا امکان تھا، وہ شادیاں زیادہ سے زیادہ 25 افراد میں انجام پائیں اور زیادہ تر مہمانوں نے شادی میں آنے کے بجائے آن لائن ہی مختلف ڈیجیٹل ایپلیکیشنز کے ذریعے شرکت کی۔
بھارتی شہر دہلی سے تعلق رکھنے والی نوبیاہتا دُلہن لیزا ماریہ کی شادی رواں ماہ 2 دسمبر کو انجام پائی، لیزا ماریہ پیشے کے لحاظ سے انویسٹمنٹ ایڈوائزر ہیں جو کہ برٹش ہائی کمشن دہلی سے منسلک ہیں۔
ماریہ کا بتانا ہے کہ اُن کی محبت کی شادی ہے جس کی رسمیں دو بار سکھ اور عیسائی رسم و رواج کے تحت ہونا طے پائیں، شادی میں صرف 300 افراد نے شرکت کی جس میں سے گوردوارے میں شادی کے دوران صرف 25 لوگ موجود تھے۔
لیزا ماریہ کا بتانا ہے کہ شادی کے دوران سب ہی مہمانوں نے باقاعدگی سے ماسک پہن رکھے تھے جو کہ صرف تصویریں بنوانے کے دوران ہی اتارے گئے تھے، بیرون ملک مقیم اُن کے رشتہ داروں نے آن لائن ہی شادی میں شرکت کی اور انہیں شادی کی دعائیں دیں۔
34 سال لیزا ماریہ کاکہنا ہے کہ یہ شادی نہیں صرف ایک سالگرہ کی تقریب لگ رہی تھی۔
دوسری جانب بھارتی ڈیزائنرز اور ویڈنگ پلانرز کا کہنا ہے کہ سال 2020ء کہ اُن کے پاس سیکڑوں کی تعداد میں بکنگ موجود تھی جو سب ہی مہنگی ترین شادیاں تھیں، بکنگ کی ایڈوانس پیمنٹ بھی ہو چکی تھی مگر اس سال کے آغاز ہمیں ہی کورونا وبا نے سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور صورتحال اب تک خراب ہے۔
ویڈنگ پلانرز اور کلودنگ برانڈز کے مطابق اس وبا کے سبب اُن کا ملین ڈالز میں نقصان ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 1 ارب سے زائد آبادی رکھنے والے ملک بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے ہو رہا ہے۔
بھارت کوروناوائرس میں تیزی سے اضافے ہونے والے ممالک کی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس سے 1 لاکھ 43 ہزار 746 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس موذی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 99 لاکھ 6 ہزار 507 ہو گئی ہے۔