ماضی کی شہر آفاق فلم ’ہیر رانجھا‘ کی ’ہیر‘ معروف اداکارہ فردوس بیگم 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
فردوس بیگم کو 3 روز قبل برین ہیمبرج کی تشخیص کے بعد لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
اب خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ فردوس بیگم دارِ فانی سے کوچ کر گئی ہیں۔ فردوس بیگم کے پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی ’ہیر‘ اداکارہ فردوس بیگم 4 اگست 1947 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، اُن کا اصل نام پروین تھا۔
اداکارہ فردوس نے دو شادیاں کیں، پہلی اداکار اکمل اور دوسری اداکار اعجاز درانی سے۔
انہوں نے فنی کیریئر کا آغاز بطور کلاسیکل ڈانسر 1963 میں فلم ’فانوس‘ سے کیا۔
فلم نگری میں فردوس کے نام سے شہرت پانے والی پروین نے اپنی اداکاری اور اداؤں کے باعث مداحوں کے دلوں اور سینما اسکرین پر خوب راج کیا۔
انہوں نے فلموں میں ملکہ ترنم نور جہاں کے گائے گیتوں پر کو بھی امر کر دیا۔
فلم ملنگی، ہیر رانجھا، انسانیت سمیت 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی فردوس کے مکالمے جہاں دلوں میں گھر کر جاتے وہیں ان کی فلموں کے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔
اداکارہ فردوس نے 160 کے قریب فلموں میں کام کیا، جن میں 130 سے زائد پنجابی، 20 اردو اور 3 پشتو فلمیں شامل تھیں۔
ادکارہ فردوس کی مشہور فلموں میں ہیر رانجھا، دلاں دے سودے، ملنگی اور آنسو شامل ہیں۔ ہیر کردار ان کی پہچان بن گیا۔
فردوس بیگم کو فلم ’ہیر رانجھا‘ میں بہترین اداکارہ کا نگار ایوارڈ ملا۔ فلم ’آنسو‘ اور ضدی میں بھی شاندار پرفارمنس پر اداکارہ فردوس کو ایواڈز سے نوازا گیا۔