• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردی کی آمدکے ساتھ ہی عموماً مختلف اقسام کے مزے دار حلوہ جات سے لُطف اندوز ہونے کے لیے مٹھائی کی دُکانوں کا رُخ کر لیا جاتا ہے کہ موسمِ سرما میں اصلی گھی سے تیار شدہ حلوہ جات کھانے الگ ہی مزہ آتا ہے اور یہ لُطف تب تو دوبالا ہوجائے، جب یہ حلوے گھر پر تیار کیے جائیں۔ تو لیجیے، تراکیب حاضر ہیں۔

انڈوں کا حلوہ

اجزا: انڈے ایک درجن، مِلک پاؤڈر دو کپ،چینی حسبِ ذائقہ، تھوڑا سا زردہ رنگ، سبز الائچی چارعدد،پستہ، بادام(باریک کاٹ لیں) حسبِ ضرورت اور دیسی گھی آدھی پیالی۔

ترکیب: انڈے، چینی اور مِلک پاؤڈر مِکس کرکے اچھی طرح پھینٹ لیں۔ یہاں تک کہ یہ سفید کریم کی طرح ہوجائے۔ ایک الگ برتن میں زردہ رنگ گھول لیں۔ اب اسے انڈے والے آمیزے میں شامل کرکے چمچ کی مدد سے اچھی طرح مِکس کریں۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے الائچی ڈالیں اور اس میں تیار شدہ آمیزہ شامل کرکے دھیمی آنچ پر بھونیں، جب حلوہ بادامی رنگت اختیار کرکے تیل چھوڑنے لگے، تو چولھا بند کرکے باؤل میں نکال لیں اور بادام، پستہ چِھڑک دیں۔سردیوں کے موسم میں یہ حلوہ بہت لطف دیتا ہے۔

بیسن کا حلوہ

اجزاء: بیسن ایک کپ،چینی ایک کپ،دودھ ایک پاؤ،سبز الائچی چھے عدد، انڈے(پھینٹ لیں)دو عدد،ناریل(پِسا ہوا)ایک چوتھائی کپ، چاندی کے ورق دو عدد، کشمش، بادام اور پستہ حسبِ پسند اور گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: بیسن چھان کر صاف کریں اور پین میں ڈال کر بھون لیں۔ جب خوشبو آنے لگے اور ہلکا براؤن ہو جائے، تو چولھا بند کردیں۔ پھر بلینڈر میں بُھنا ہوا بیسن، دودھ، چینی اور انڈے ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ اس کے بعد پین میں گھی ڈال کر الائچی کڑکڑائیں اور خوشبو آنے پر بیسن والا آمیزہ ڈال کر بھونیں۔ یہاں تک کہ حلوہ براؤن ہو جائے۔ آخر میں خشک میوہ جات ڈال کر ایک منٹ بھون کر چولھا بند کردیں۔

خشخاش کا حلوہ

اجزاء:خشخاش ایک کپ، دودھ چار کپ، بادام(پانی میں بھگو دیں) ایک کپ، سبز الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، خشک میوہ جات حسبِ ضرورت، چاندی کے ورق دو عدد، چینی اور گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب:خشخاش اچھی طرح دھو لیں۔ پھر ایک باؤل میں حسبِ ضرورت پانی لےکر اس میں خشخاش ڈال کر8 گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں، گرائنڈ کرکے پیسٹ بنالیں۔ بادام کے چھلکے صاف کرکے اُس کا بھی پیسٹ بنا لیں۔ اب ایک پین میں خشخاش اور بادام کا پیسٹ مِکس کرکے 10سے 15منٹ کے لیے بھونیں۔ ساتھ مسلسل چمچ چلاتی رہیں، تاکہ پین سے چپکے نہیں۔ جب خوشبو آنے لگے، تو اس میں چینی ڈال کر 5سے6 منٹ کے لیے پکنے دیں۔ اس کے بعد دودھ شامل کرکے ہلکی آنچ پر اتنا پکائیں کہ حلوہ تھوڑا گاڑھا ہوجائے۔چولھا بند کرکے حلوہ باؤل میں نکال کےچاندی کے ورق سے سجالیں۔ (ثنا خان، ماڈل ٹاؤن، کراچی)

تازہ ترین