پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ اور حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور عباسی اپنی چھوٹی بہن کی مایوں پر جذباتی ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہ رہنے والی نیمل خاور نے چند گھنٹے قبل ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی چھوٹی بہن فضا خاور کے ہمراہ کچھ نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔
مذکورہ تصویریں فضا خاور کی مایوں کی تقریب کی ہیں جن میں وہ بہت دلکش نظر آرہی ہیں جبکہ نیمل خاور نے پیلے رنگ کی خوبصورت بنارسی ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے۔
نیمل خاور کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی تصویریں بہنوں کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کر رہی ہیں۔
اُنہوں نے انسٹاگرام پر یہ تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’جب آپ کی چھوٹی بہن اپنی زندگی کے ایک نئے مرحلے میں شامل ہو رہی ہو تو دیکھ کر کچھ ایسا ہی جذباتی محسوس ہوتا ہے۔‘
نیمل خاور نے اس خوشی کے موقع پر اپنی چھوٹی بہن کو دُعا دیتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ میری بہن کو اس نئے اور خوشیوں سے بھرے سفر کے آغاز کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔‘
سابقہ اداکارہ کی اس جذباتی پوسٹ کو صارفین اس قدر پسند کر رہے ہیں کہ صرف 8 گھنٹوں میں اُن کی پوسٹ پر ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں۔
یاد رہے کہ نیمل خاور کی چھوٹی بہن فضا خاور کا نکاح گزشتہ دنوں ہوا تھا جبکہ اب اُن کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 25 اگست کو اسلام آباد میں نیمل خاور میزبان حمزہ علی عباسی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔
بعد ازاں معروف جوڑی کے ہاں 30 جولائی کو بیٹے محمد مصطفی عباسی کی پیدائش ہوئی، حمزہ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد 30 جولائی کو ہوئی لیکن جوڑی کی جانب سے اس خبر کو خفیہ رکھا گیا اور 3 اگست کو اسے منظر عام پر لایا گیا۔