• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

36 پر آل آؤٹ کے علاوہ بھارت کا دوسرا ورلڈ ریکارڈ نظروں سے اوجھل

بھارتی بیٹسمین آسٹریلین بولنگ لائن کے لیے تر نوالہ ثابت ہوئے اور پوری کی پوری ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کم ترین اسکور 36 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔ 

اس کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے ایسا بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آج تک کوئی بھی ٹیم نہ بناسکی۔ 

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں دوسرے روز آسٹریلین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بھارتی اسکور کے آگے خسارے کا شکار ہوئی تو اس وقت بھارتی ٹیم کی بڑا ہدف دینے کی امیدیں جاگ اٹھیں۔ 

کرکٹ تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ توقع کی جارہی تھی کہ یہ میچ بھارت جیت سکتا ہے، یا پھر اس میچ کو کم از کم ڈرا کرنے کی پوزیشن میں تو آ ہی جائے گا۔

میچ کے تیسرے روز جب آسٹریلین بولرز نے وکٹیں لینا شروع کیں تو پھر لیتے ہی گئے اور بھارتی ٹیم کو 36 رنز پر آل آؤٹ کرکے اسے رسوا کردیا۔ 

صرف اسی ریکارڈ کے ساتھ ہی اس کی رسوائی ختم نہیں ہوئی بلکہ اس اننگ میں بھارتی ٹیم کے ماتھے پر ایک اور ایسا بدنما داغ لگا جو آج تک کسی ٹیم کے نہیں لگ سکا۔ 

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی تیسری اننگز میں بھارتی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی 10 کے ہندسے یعنی ڈبل فیگر تک نہیں پہنچ سکا اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی میانک اگروال تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 9 رنز کی ’شاندار‘ اننگز کھیلی۔ 

ٹیسٹ کرکٹ اسی طرح کا ریکارڈ جنوبی افریقی ٹیم کے پاس بھی ہے جس کے پورے 11 کھلاڑیوں نے 1924 میں انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں بیٹنگ کی لیکن ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکے۔ 

جنوبی افریقا کی قسمت اس لحاظ سے اچھی تھی کہ اس کے لیے ایکسٹراز نے ڈبل فیگر کا ہندسہ عبور کرلیا تھا، لیکن بھارت کے معاملے میں ایکسٹراز بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔

تازہ ترین