• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں مردوں کی نسبت خواتین ووٹرز 15 فیصد تک کم، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے 51 حلقوں کے ووٹرز کے اعداد و شمار جار ی کردئیے۔ صوبے میں کل ووٹرز کی تعداد 48 لاکھ1131ہے جس میں مردوں کی نسبت خواتین کے ووٹ 14 اعشاریہ 72 فیصد کم ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے کل 51 حلقے ہیں جن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 48 لاکھ 1131 ہے۔

ان میں سے بلوچستان اسمبلی کے انتخابی حلقوں میں مرد ووٹرز کی مجموعی تعداد 2754005 جبکہ خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2047126 ہے۔

بلوچستان میں مرد ووٹرز کی تعداد خواتین کی نسبت 7 لاکھ 6879 زیادہ ہیں۔ اعداد و شمار میں بلوچستان کے مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں واضح فرق نظر آیا ہے جن کے مطابق مرد ووٹر ز کا تناسب 57.36 فیصد جبکہ خواتین کا تناسب 42.64 فیصد ہے۔

اس حساب سے صوبے میں خواتین ووٹرز کی تعداد مرد ووٹرز سے 14.72 فیصد کم ہے۔ 


اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ فرق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 22 قلعہ عبداللّٰہ II میں 30.31 فیصد، پی بی 23 قلعہ عبداللّٰہ III میں 28.52 فیصد، پی بی 21 قلعہ عبداللّٰہ I میں 26.26 فیصد، پی بی 24 کوئٹہ I میں 21.84 فیصد، پی بی 19پشین میں 21.38 فیصد، پی بی 9 کوہلو میں 24.97 فیصد، پی بی 10ڈیرہ بگٹی میں 20.66 فیصد، پی بی 25 کوئٹہ میں 19.77فیصد ہے۔

جبکہ تناسب میں سب سے کم فرق پی بی 41 واشک، پی بی 14جعفرآباد، پی بی 15صحبت پور میں پانچ، پانچ فیصد ہے۔

تازہ ترین