• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کے سائنسدان بین الاقوامی ایوارڈ کیلئے نامزد

چین  کے پیپلز گورنمنٹ آف گونگسکی زوہانگ آٹو نومس ریجن کی جانب سے پاکستانی سائنسدان کو ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

چین میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو ’دی 2020 گونگسکی گولڈن سلک بال فرینڈ شپ‘ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔


جامعہ کراچی، آئی سی سی بی ایس کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ ایوارڈ اُن کی گونگسکی صوبے کی معاشی و معاشرتی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے کے لیے دیا جارہا ہے۔

چینی آفیشلز کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو طلائی تمغہ اور ایک لاکھ آر ایم بی بونس ملے گا جس کے لیے تقریبِ تقسیم انعامات مارچ 2021 میں منعقد ہوگی۔

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً 1175 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں۔

امریکا اور یورپ میں ان کی تحریر و ادارت کردہ 76 کتب شائع ہوچکی ہیں۔ علاوہ ازیں 40 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 27 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ 

نائجیریا میں ایک تحقیقی ادارہ بھی پروفیسر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب ہے۔

بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔

پروفیسر اقبال وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔

اس سے قبل محمد اقبال چوہدری کوبائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں چائینز اکیڈمی آف سائینسز کی جانب سے ’ممتاز سائنسدان(Distinguished Scientist)‘کا اعلیٰ چینی ایوارڈ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین