• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابائے قوم کا یومِ پیدائش: ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 145واں یومِ پیدائش ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

آج  بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 145واں یومِ پیدائش منایا جارہا ہے اور گزشتہ رات 12بجے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔

ان ہیش ٹیگز میں سرِ فہرست  QuiadeqAzam ہے، دوسرے نمبر پر HBDFoundingFatherOfPakistan جبکہ تیسرے نمبر پر HDBSir ہے۔

اگر اِن ہیش ٹیگز کے تحت کی گئی ٹویٹس کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر صارفین قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی تقاریر کی مختصر ویڈیوز شیئر کررہے ہیں۔

دوسری جانب کچھ صارفین بانی پاکستان کی یادگار تصویریں بھی شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارفین کا قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر کہنا ہے کہ وہ جناح صاحب نے پاکستان بناکر ایک درست فیصلہ کیا تھا اور آج ہم صرف اُنہی کی وجہ سے ایک آزاد اور خود مختار طریقے سے اپنے پیارے وطن میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔

25 دسمبر 1876کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ بچہ عظیم رہنما بن کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

1895 میں 19 سال کی عمر میں انہوں نے لندن کی یونیورسٹی سے لا کی ڈگری حاصل کرلی اور بمبئی واپس آکر باقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا جہاں ان کا شمار نامور وکلا میں کیا جانے لگا۔

1896 میں قائد اعظم محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی لیکن کچھ عرصے بعد ہی انھیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک بڑھتا جارہا ہے۔

1913 میں انہوں نے مسلمانوں کی نمائندہ واحد جماعت آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا۔

بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14اگست 1947 کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔

تازہ ترین