سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم ) سڑکوں کو چھوڑے اور وفاقی کابینہ سے نکلے۔
ایم کیو ایم سربراہ خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ متحدہ قیادت عوام کو لالی پاپ دینا بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی پوزیشن واضح کرے کہ صوبے کے عوام کے ساتھ ہے یا نہیں۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے واضح طور پر کہا کہ مردم شماری پر صوبائی حکومت کے اعتراضات مشترکہ مفادات کونسل کو آئندہ ہفتے بھیج دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو غیر آئینی کام کرنے نہیں دیں گے، اگر وفاقی حکومت نے ہماری بات نہیں سنی تو عدالت کے پاس جانے کا اختیار سب کے پاس موجود ہے۔
اس سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت چھوڑنے اور مردم شماری کے حوالے سے عوام سے رجوع کریں گے اور اُن کی رائے کے مطابق حتمی فیصلہ جلد کریں گے۔