• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان نے شوبز کو خیرباد نہ کہنے کی وجہ بتادی

شوبز انڈسٹری کو چھوڑ کر روحانیت کا سفر اختیار کرنے کا اعلان کرنے والے فیروز خان نے اعلان کے باوجود شوبز نہ چھوڑنے کی وجہ بتادی۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں فیروز خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے اعلان کے باوجود کام ترک نہ کرنے کی وجہ اپنے ’شیخ‘ کو قرار دیا۔


فیروز خان نے واپسی کی وجہ اپنے شیخ حضرت سلطان محمد علی حق باہو کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت سلطان محمد علی صاحب نے مجھے شوبز نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ میرے لیے شوبز کا حصہ بنے رہنا ضروری ہے، مجھے یہاں کچھ کرنا ہے اور یہیں سے کچھ بننا ہے، میری شوبز میں واپسی کی وجہ بھی یہی ہے۔

خیال رہے کہ شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے باوجود فیروز خان عید الاضحیٰ پر زارا نور عباس کے ساتھ جیو ٹی وی کی ٹیلی فلم میں دکھائی دیے تھے۔

عیدالاضحی کے موقع پر جیو انٹرٹینمٹ کیلئے بننے والی ٹیلی فلم کے ہدایت کار احسان تالش تھے جبکہ فیروز خان اور زارا نور عباس کے علاوہ دیگر کاسٹ میں اداکارہ صباء فیصل ، جاوید شیخ، فرحان علی آغا اور میزنا وقاص شامل تھے۔

فیروز خان نے ’زندگی کتنی حسین ہے‘ اور ’ٹچ بٹن‘ جیسی فلموں میں کام بھی کیا ہے، ان کی فلم ’ٹچ بٹن‘ رواں سال عید پر ریلیز ہونی تھی تاہم عالمی وبا کورونا کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

جیو کے مشہور ڈرامے ’خانی‘ میں ’میر ہادی‘ کا کردار ادا کرنے والے فیروز خان نے 07 مارچ کو یہ کہتے ہوئے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا کہ ’میں اب اپنی خدمات اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کے لیے وقف کررہا ہوں، آپ سب سے گزارش ہے کہ میرے اور میرے عزیزوں کیلئے دعا کریں۔‘



انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی لکھا تھا کہ ’میرے مداح میرے شوبز چھوڑنے کے حوالے سے میرے بیان کا انتظار کررہے تھے، میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں۔‘

خیال رہے کہ فیروز خان نے 2014 کے بعد اداکاری کی شروعات کی اور انہوں نے اب تک ایک درجن تک ڈراموں میں کام کیا، ان کے مقبول ڈراموں میں ’گل رعنا، چپ رہو، تم سے مل کے، وہ ایک پل اور دل کیا کرے‘ شامل ہیں۔

فیروز خان کا شمار ان شوبز شخصیات میں کیا جاتا ہے جو اپنی ورسٹائل اداکاری اور بہترین شخصیت کے باعث ابتداء ہی سے شوبز انڈسٹری میں ایک اہم مقام بنانے میں کامیاب رہےہیں۔

خیال رہے کہ اداکار فیروز خان اور علیزے فاطمہ2 سال قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے، دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام محمد سلطان خان ہے۔

تازہ ترین