• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باغبانی ایک بہترین مشغلہ ہے جس سے نہ صرف آپ کی صحت پر مثبت اثرات پڑتے ہیں بلکہ آپ کا گھر بھی دیکھنے میں خوبصورت نظر آتا ہے۔ بالخصوص گھر کے بیرونی حصے میں حقیقی حُسن پھول پودوں اور درختوں سے ہی آتا ہے، شاید اسی وجہ سے اب گھر کے اندرونی حصے میں بھی مختلف اقسام کے پھول پودے رکھنے کا رجحان خاصا مقبولیت پارہا ہے۔ ڈرائنگ روم، ٹی وی لاؤنج اوربیڈروم میں ایسے خوبصورت پودے رکھے جاتے ہیں جو گھر کی اندرونی آب و ہوا کو بھی صحت مند بنائیں۔

اس کے علاوہ اب کچن میں بھی پودے رکھنے کا انتظام کیا جانے لگا ہے۔ کچن کی تخلیقی سجاوٹ کے لیے خوبصورت ٹائلز، شوخ و رنگین کیبنٹس، عمدہ فرش اور دلکش لائٹس کے ساتھ ساتھ باغبانی کے مختلف رجحانات کو اپنایا جاتا ہے۔ کچن میں روایتی سبزیوں کے فوری حصول اور سجاوٹ کی غرض سے یقیناً آپ بھی اس منفرد آئیڈیے کو ضرور اپنانا چاہیں گے، آئیے اسے اپنانے کے کچھ تخلیقی انداز پر بات کرتے ہیں۔

عمودی باغبانی

بالکنی اور فرنٹ پورچ کے لیے عمودی باغبانی (ورٹیکل گارڈننگ) کا تصور چند ہی عشرے پرانا ہے۔ اس کے لیے عام طور پر بالکنی، باغیچہ یا پھر فرنٹ پورچ کا انتخاب کیا جاتا ہے مگر کچن میں باغبانی کے لیے عمودی باغبانی کا تصور آپ کے سادہ سے کچن کو ماحول دوست کچن میں تبدیل کرسکتا ہے۔ عمودی باغبانی کےلیے کچن کی ایسی دیوار کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے، جہاں دیوار کے ساتھ کم چیزیں رکھی ہوں۔ 

وہاں تین پینلز لگاکر اس پر مختلف چھوٹے چھوٹے گملے رکھ کر کچن کو ہرا بھرا دکھایا جا سکتا ہے۔ مغربی ممالک میں یہ اسٹائل بے حد عام ہے، وہاں کی خواتین عمودی باغبانی کے اسٹائل کو کچن کی سجاوٹ کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ یہی نہیں، اس کے علاوہ ان پینلز پر جن سبزیوں کی کاشت کی جاتی ہے، ان کے نام بھی درج کیے جاتے ہیں۔ عمودی باغبانی آپ کے ماڈرن کچن کو ایک نئی صورت دینے کے لیے کافی ہے۔

افقی باغبانی

کچن میں عمودی کے علاوہ افقی طرز پر بھی باغبانی کی جاسکتی ہے۔ افقی باغبانی (ہوریزونٹل گارڈننگ) کےلیے کچن کاؤنٹر کی لمبائی کو استعمال کرتے ہوئے اس کے اطراف باغبانی کی جاسکتی ہے۔ افقی طرز پر کچن کاؤنٹر کی نچلی سطح پر شیشے کا ایک بڑا سائیڈجار بنواکر، اس جار میںمختلف قسم کے پودے اور پھولوں کے استعمال سے کچن کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ کاؤنٹر کی اوپری سطح آرائشی اشیا رکھنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔

کارنر گارڈننگ

کارنر گارڈننگ کا تصور کئی عرصہ قبل آسٹریلیا میں بے حد مقبول رہا۔ اس کے تحت گملوں اور پودوں کے لیے کچن کے کونوں میں بنی کیبنٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر دیوار کے کونے میں بنی کیبنٹس کی اوپری سطح کو کچن میں باغبانی کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ کارنر گارڈننگ کے لیے ان کیبنٹس کا خاص انتخاب کیا جاتا ہے، جو کھڑکیوں کے ساتھ موجود ہوںتاکہ سورج کی روشنی سے ان پودوں کی تروتازگی برقرار رہ سکے۔

ہینگنگ پلانٹس

ان دنوں ہینگنگ پلانٹس کاٹرینڈ بھی خاصا مقبول ہے۔ اس ٹرینڈ کے پیش نظر کچن میں باغبانی کے لئےمٹی کے لٹکتے ہوئےگملوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، جن کو کاؤنٹر کے اوپر یا پھر شیلف کے نیچے لٹکایا جاسکتا ہے۔ ہینگنگ پلانٹس کے لیےمٹی کے گملوں کے علاوہ ریزن، فائبر گلاس یا پلاسٹک کے گملے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ 

ان کا فائدہ یہ ہے کہ یہ کم وزن ہوتے ہیں، اس لیے انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا اور لٹکانا آسان ہوتا ہے اور یہ موسمی اثرات سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں نمی جذب کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی، لہٰذا پودوں کی نمی تا دیر برقرار رہتی ہے۔

جنگل کچن کا آئیڈیا

امریکی ماڈل سمر رین اوکس نے اپنے بروکلین میں واقع ولیم برگس اپارٹمنٹ میں ’جنگل کچن‘ ترتیب دیا تھا جو کہ باغبانی کے لیے ایک بہترین آئیڈیا ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نےاپنے اپارٹمنٹ میں مختلف اقسام کے 700پھول اور پودے رکھے، جنہیں جمع کرنے میں سات سال کا عرصہ لگا۔ اوکس کے مطابق ان کی پرورش دیہاتی علاقے میں ہوئی تھی، یہی وجہ ہے کہ شہر میں دیہات کے ماحول کو یاد رکھنے اور اسے نخلستان بنانے کے لیے انھوں نے اپنے اپارٹمنٹ کو پودوں سے بھر دیا۔

باغبانی کیوں کریں؟

کچن میں باغبانی بطور سجاوٹ ہی نہیں بلکہ آپ کی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔ باغبانی سے حاصل ہونے والے فوائد کئی ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر کے اندرونی حصے میں باغبانی دماغی صحت پر اچھے اثرات ڈالتی ہے۔ گھر میں پودوں کا وجود ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گھر میں پودوں کی موجودگی کا ایک فائدہ سبزیوں اور جڑی بوٹیوں کا حصول بھی ہے۔ ناسا میں کی گئی تحقیق کے مطابق باغبانی کرنے سے بہت زیادہ سکون حاصل ہوتا ہے۔

تازہ ترین