عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش پر خوش ہونے والے طلبہ اب اسکول و کالجز کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ’وزیر تعلیم اسکول کھولو‘ کا ایک ہیش ٹیگ زیرگردش ہے جس کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کی پڑھائی کا نقصان ہورہا ہے لہذا تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ گاؤں دیہات کے اسکولوں جہاں آن لائن تعلیم کی سہولت میسر نہیں وہاں کے طلبہ کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں ہم تمام تر ایس او پیز فالو کریں گے بس شفقت محمود صاحب آپ اسکول و کالجز کھول دیں۔
اسی ٹرینڈ کا استعمال کرتے ہوئے کچھ صارفین یہ تجویز بھی رکھ رہے ہیں کہ شفقت محمود کو جو صحیح لگے وہ کرنا چاہیے، کہیں اسکول کھولنا کورونا وائرس کو کھلی دعوت دینے کے مترادف نہ ہو۔
ہیش ٹیگ پر شیئر کیے جانے والے ٹوئٹس دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ طلبہ گھروں میں رہ کر بور ہو چکے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کے طلبا ہوں یا پرائمری و سیکنڈری اسکولوں کے بچے وہ اب تعلیمی سلسلے کی جلد بحالی کے خواہاں ہیں۔