• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا جلد کوئٹہ کے دورے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے بہت جلد کوئٹہ کے دورے کا اعلان کردیا کہا کہ مچھ کےسفاکانہ دہشت گرد حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے ہزارہ خاندانوں کو میں دوبارہ یقین دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ میں انکی تکالیف اورمطالبوں سے آگاہ ہوں، پہلے بھی آپ کے پاس چل کر آیا تھا اب بھی بہت جلد آؤں گا ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مستقبل میں ایسے حملوں کے تدارک کیلئے ہم اقدامات اٹھا رہے ہیں ، جان لیں ہمارا ہمسایہ ملک فرقہ وارانہ دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں آپکا درد بانٹتا ہوں اور غم کے ان لمحات میں یکجہتی کےاظہار کیلئے پہلے بھی آپکے پاس آچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کےلواحقین سے دعا و تعزیت کیلئے میں ذاتی طور پر دوبارہ بھی جلد حاضر ہوں گا، میں اپنے لوگوں کےاعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، ازراہِ کرم اپنےپیاروں کی تدفین کریں تاکہ ان کی روحیں آسودگی پائیں۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین