وزیراعظم عمران خان کو حکومتی کے غریبوں کے لیے اٹھائے گئے بڑے اقدام ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں معاون خصوصی برائے تخفیفِ غربت ثانیہ نشتر نے بریفنگ دی۔
انہوں نے ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ غذائی قلت کے خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی کرکے کھانے کی فراہم یقینی بنائیں گے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دوران بریفنگ وزیراعظم نے مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنے کے لیے دی گئی تجاویز کو سراہا۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ دو وقت کی روٹی سے محروم افراد کے علاقوں کی نشاندہی کی جائے اور جامع منصوبہ بندی سے ایسا نظام لایا جائے، جس سے مستحقین تک رسائی آسان ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا۔
دوران اجلاس ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس ڈونر مینجمنٹ سسٹم پر بھی بریفنگ دی اور کہا کہ اس نظام کا آغاز رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک کردیا جائےگا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اس نظام کے تحت خرچ کی تفصیل ڈیجیٹل طریقے سے ڈونر تک پہنچائی جاسکے گی۔