سپریم کورٹ میں جیلوں میں قید خواتین کی حالتِ زار سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران وفاقی محتسب نے آٹھویں پیش رفت رپورٹ جمع کرا دی، رپورٹ میں کورونا وائرس کے شکار سینکڑوں قیدی جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کی جیلوں میں سب سے زیادہ 291 کورونا وائرس کے شکار قیدی موجود ہیں، خیبر پختون خوا میں 126، بلوچستان میں 80 اور پنجاب کی جیلوں میں 3 کورونا وائرس میں مبتلا قیدی موجود ہیں۔
رپورٹ کےمطابق بلوچستان کے علاوہ تینوں صوبوں کی جیلوں میں استعداد سے زیادہ قیدی موجود ہیں، صوبوں میں سب سے زیادہ خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔
رپورٹ میں وفاقی محتسب نے ہر ضلع اور اسلام آباد میں جیل قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیلوں میں خواتین، کمسن بچوں اور نشے کے عادی قیدیوں کے لیے الگ جگہ ہونی چاہیئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کی فلاح اور تعلیم کے لیے مناسب انتظام کیا جائے، وفاق اور صوبوں کے ہر ضلع میں جیلیں قائم کرنے کا کام جاری ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وفاق اور صوبوں نے انڈر ٹرائل قیدیوں کی قانونی امداد کے لیے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، قیدیوں کی تعلیم اور انہیں ہنر سکھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔