کورونا وائرس کی وباءمیں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ملک کی مختلف جیلوں میں بند قیدیوں پر یہ خطرہ ایک بار پھر منڈلانے لگا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل اور جسٹس پروجیکٹ پاکستان کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مختلف جیلوں میں قید نا صرف عمر رسیدہ قیدی بلکہ خواتین اور بچے بھی کورونا وائرس کے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔
وفاقی محتسب کی ایک رپورٹ کے مطابق خیبر پختون خوا کی جیلوں میں خواتین کی تعداد 119 ہے جن میں سے 37 کے 50 بچے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 731 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 105 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کُل تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہو چکی ہے، اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 9 ہزار 10 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 3 لاکھ 88 ہزار 598 کورونا مریضٗ شفایاب ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے ملک بھر میں 48 ہزار 369 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔