• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا بیان ہزارہ کمیونٹی کی توہین کے مترادف ہے، زاہد خان

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما زاہد خان کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان ہزارہ کمیونٹی کی توہین کے مترادف ہے، عمران خان نے متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا بلکہ اُلٹا نمک چھڑک رہے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما زاہد خان نے وزیراعظم عمران خان کے ہزارہ کیومنٹی سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ثابت کردیا کہ وہ عوام کے نہیں بلکہ ایک سلیکٹڈ کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں۔

زاہد خان نے کہا کہ وزیراعظم کا ہزارہ کمیونٹی سے متعلق بیان نامناسب اور ناقابل قبول ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کا بلیک میلنگ سے متعلق بیان بے حسی کی تمام حدیں کراس کر جانا ہے۔

زاہد خان کا مزید کہنا تھا کہ نااہل وزیراعظم فوری طور پر بیان واپس لےکر کمیونٹی سے معافی مانگیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں لانچنگ تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ تدفین کے لیے وزیراعظم کی آمد کی شرط رکھنا مناسب نہیں ، کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہزارہ برادری کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم آئیں تو لاشیں دفنائیں گے، دنیا میں کہیں اس طرح وزیراعظم کو بلیک میل نہیں کیا جاتا، اس طرح سب بلیک میل کریں گے، ڈاکوؤں کا ٹولہ بھی بلیک میل کرے گا۔ 

تازہ ترین